جماعت اسلامی اور حکومت میں کامیاب مذاکرات کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔ عبدالواسع

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع  نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے کامیاب مذاکرات کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔ حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر مطالبات پر معاہدے کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی یقین دہانی اور معاہدے پر دستخط کے بعد مری روڈ پر چودہ روز سے جاری دھرنا موخر کیا ہے۔ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی یا لیت و لعل سے کام لیا تو حافظ نعیم الرحمن کے حکم پر دوبارہ دھرنا دیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مطالبات کی منظوری تک دھرنے اور احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ 12اگست کو معاہدے کی خوشی میں کبوتر چوک پر جلسہ تشکر منعقد کریں گے۔ کل کا جلسہ تشکر  تاریخی ہوگا۔

جلسہ تشکر سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ عبدالواسع نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں میں کمی اور بڑے سرمایہ داروں پر ٹیکسوں کے نفاذ سمیت دیگر مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے لیکن اس کے باوجود بھی عوام کو 0.77پیسے کا فائدہ ہوا ہے اور ان شا اللہ اس میں بدتریج کمی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کو بھاگنے نہیں دے گی۔ معاہدے کی نگرانی اور تعاقب کرے گی۔ معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں آخری تاریخ سے پہلے پہلے دھرنا دیں۔ حکومت کے پاس 42 دن ہیں، سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور مطالبات پورے کرے۔