لاہور (صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر متعلقہ ادارے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے متحرک ہیں۔اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق لاہور میں واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بارش کا پانی نکالنے کیلئے متحرک ہیں، لاہور کی تمام انتظامیہ کمشنر،ڈی سی، اے سی سمیت دیگر عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں کوئی رین ایمرجنسی نہیں لگائی گئی، اس کے باوجود واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر کے 22 پوائنٹس کو مکمل کلیئر کردیا ہے جس کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھیج دی گئی ، مریم نواز نکاسی آب آپریشن کی خود نگرانی کررہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پورے شہر کا وزٹ کررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ سروسز ہسپتال کو مکمل کلیئر کردیا گیا ، جی پی او چوک،نابہ روڈ،ریلوے سٹیشن،ایمپریس روڈ،وارث روڈ کو کلیئر کردیا ہے، چوبرجی چوک، شاہ جمال روڈ،قرطبہ چوک، مزنگ،اک موریہ پل کلیئر کردیا ہے۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم،ٹھوکر نیاز بیگ، اللہ ہو چوک، جوہر ٹائون،لکشمی چوک میں بھی نکاسی آب آپریشن مکمل ہو گیا، رسول پارک، علی بلاک گارڈن ٹائون،تاجپورہ، بھاٹی گیٹ اور کریم بلاک کے علاقوں کو کلیئر کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں پچھلے چھ گھنٹے سے مسلسل بارش جاری ہے، اس کے باوجود واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ بارش کا پانی نکالنے میں مصروف ہے،جن جگہوں پر پانی کی شکایات موصول ہورہی ہیں واسا کا عملہ فورا وہاں پہنچ رہا ہے، مریم نواز کی ہدایات کے مطابق حکومتی مشینری مکمل طور پر متحرک ہے اور فیلڈ میں موجود ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بارش کے دوران بھی واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے، اگلے چند گھنٹوں میں جن جگہوں پر پانی کھڑا ہے ان کو کلیئر کر دیا جائے گا۔