اہل غزہ کے حوالے سے مسلمان حکمرانوں نے بے حسی کے کفن پہن رکھے ہیں۔ امیر العظیم

راولپنڈی(صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ اہل غزہ کے حوالے سے مسلمان حکمرانوں نے بے حسی کے کفن پہن رکھے ہیں۔سقوط ڈھاکہ سے سبق مل چکا کہ البدر اور الشمس کا کردار ادا کرنے سے اب کوئی سقوط نہیں ہوگا۔دشمن جان لے کہ ہم سب اہل غزہ کے شانہ بشانہ ہیں خون کا آخرقطرہ تک بہہ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت روڈ پر اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے عظیم و شان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہم سب صدمے سے دوچار ہیں۔ہمارے دلوں کی دھڑکنے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا سن کر رک رہی ہیں ہم سب غم سے نڈھال ہیں مگر ہم دشمنوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اس صدمے اور غم کے باوجود آزادی فلسطین کے لیے استحکام ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔جب بھی کسی حماس کے رہنماء کی شہادت ہوئی تو یہ قافلہ رکا اور تھما نہیں بلکہ آگے بڑھا ہے۔حماس اور فلسطین کے مسلمانوں نے ہمیں نیا جذبہ اور حوصلہ دیا ہے۔جہاد کا جذبہ نئے سرے سے بیدار ہوا ہے۔

اسلامی تاریخ میں سقوط غرناطہ ہوا اور بہت سارے سقوط ہوئے مگر سقوط ڈھاکہ سے یہ سبق حاصل ہوا کہ لوگوں نے اپنی حفاظت اورعزت و وقار کے تحفظ کے لیے عسکری یا سیاسی قیادت پر انحصار نہیں کرنا بلکہ البدر اور الشمس جیسا کردار ادا کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد کابل،بغدار،سرینگر کے سقوط نہ ہو سکے اور اب سقوط غزہ بھی نہیں ہوگا۔جان لو کہ ہم سب اہل غزہ کے شانہ بشانہ ہیں خون کا آخرقطرہ تک بہہ دیں گے۔غزہ کی جنگ نے انسانیت کے ضمیر کو جاگا دیا ہے ۔غزہ میں بچے والدین سے کہہ رہے ہیں کہ ہمارے بازووں پرنام لکھ دوتاکہ جہاز سے گرنے والے راکٹ پر ہم ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں تو ہمارے بازووں پر لکھ نام پڑھ کر جنازے پڑھ سکیں۔امریکہ،افریقہ،یورپ سب جہاں غزہ کے نعرے بلند ہوئے مگر افسوس مسلمان حکمران پر ہے جن میں صدر،وزیراعظم سب شامل ہیں جنہوں نے بے حسی کے کفن پہن رکھے ہیں ہمیں یقین ہے کہ اس جنگ کا خاتمہ اسرائیل کی بربادی پر ہوگا۔اہل غزہ اور امت مسلمہ آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔