فیصل آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے دھرنے کے چوتھے روز خواتین کے جلسہ میں شرکت کیلئے دس بسوں پر مشتمل قافلہ ناظمہ ضلع ڈاکٹرفہمیدہ الیاس کی قیادت میں روانہ ہوا۔قافلہ میں خواتین کے ساتھ ساتھ معصوم بچے بھی شریک تھے۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے کہا کہ سروں پر کفن باندھ کر نکلے ہیں۔کسی کی خواہش نہیں کہ گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر بیٹھ جائے۔بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافہ اور آئی پی پیزکی لوٹ مار صرف جماعت اسلامی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے اس لیئے پوری قوم حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لبیک کہتے ہوئے دھرنا میں شریک ہوکراپنے حق کیلئے آوازاٹھائے۔ پرامن سیاسی جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جب پارلیمنٹ اور ادارے کام نہ کر رہے ہوں تو احتجاج کرنا آئین کے تحت ہمارا حق ہے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے جدوجہد کو ترجیح دی ہے اور اب حق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ دس نکاتی مطالبات سے کسی طور پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، اب ہم فیصلہ کن جنگ کیلئے نکلے ہیں اور عوام کے جذبے کو دیکھ کر حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ غریب آدمی بجلی کی قیمت کیسے ادا کرے گا، بجلی کے بلوں میں ہر صورت کمی چاہیے، ملک کے غریبوں کے پاس ایک راستہ ہے کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے آئی پی پیز کے معاہدے چھپائے گئے، پاکستان میں تنخواہ دارطبقہ بھارت کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے۔ جاگیردار اور سرمایہ دار ہمارے فیصلے بھی کر رہے ہیں، دفاعی بجٹ سے زیادہ آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ہوگئے ہیں۔انہوں نے طلبہ، وکلا، تاجروں و صنعتکاروں سے اپیل ہے کہ وہ اس تحریک کا حصہ بنیں