کراچی(صباح نیوز) ایس ایس پی ساؤتھ کراچی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بم کی اطلاع جھوٹی نکلی، بم ڈسپوزل سکواڈ نیعمارت کوکلیئرقراردیدیا۔
قبل ازیں سپریم کورٹ رجسٹری میں بم کی اطلاع پر مقدمات کی سماعت اور دفتری امور روک دیئے گئے تھے۔ بم ڈسپوزل یونٹ فوری طور پر کراچی رجسٹری پہنچا، عملے نے عمارت کو سرچنگ کے بعد کلیئر قرار دے دیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شاہ نے کہا کہ ایک کالر کی جانب سے بم کی جھوٹی اطلاع دی گئی، کالر کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردی واقعات کی نئی لہر کے سبب اہم مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے
گذشتہ روز پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، نوشکی میں آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پنجگور آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، 4 سے 5 دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے ایک افسر اور 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔