خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات ، پولیس کیلئے اسلحہ اور جدید آلات خرید لئے گئے

 پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا میں دہشتگردی واقعات  کے پیش نظر پولیس کے لئے اسلحہ اور جدید آلات خرید لئے گئے۔دستاویزات کے مطابق صوبے میں دہشت گردوں کے پے درپے حملوں کے باعث جدید آلات خریدے گئے ہیں۔ سامان کی خریداری کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے وزارت داخلہ کو سمری ارسال کی تھی جس میں پولیس نے مجموعی طور پر 7 ارب روپے کے فنڈز مانگے تھے، تاہم صوبائی حکومت نے 3 ارب روپے جاری کئے تھے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک ارب 56 کروڑ روپے کی جدید گاڑیاں خریدی گئیں، 40 کروڑ روپے مالیت کا جدید اسلحہ خرید لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تھرمل گنز ، نائٹ ویثنز کی خریداری بھی کر لی گئی ہے۔ اس کے ساتھ تکنیکی سامان کی خریداری پر 10 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ 50 کروڑ روپے کی بلٹ پروف جیکٹیں اور ہیلمٹس خریدے گئے ۔یاد رہے کہ وزرات داخلہ اور کے پی پولیس کے حکام کا وسائل کی فراہمی کے لئے رواں ماہ اجلاس ہوا تھا، جس میں وزارت داخلہ نے وسائل کے لئے  سمری تیار کرنے کے احکامات دیئے تھے۔