خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دوں گا : علی امین گنڈا پور

بنوں(صباح نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دوں گا اپنے فیصلے خود کریں گے ،وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا امن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشتونوں کی کئی صدیوں پرانی تاریخ ہے، پاکستان کوآزاد کرانے میں پشتونوں نے بھرپورکردارادا کیا تھا، 1965کی جنگ میں قبائلی عوام نے حصہ ڈالا، امریکا کے غلاموں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم نے بہت قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی وجہ سے ہم نے گھربارچھوڑا، ہمارے نام پر ڈالر لیکر کھائے گئے جس پر ہمیں تحفظات ہیں، ہمارے آبااجداد نے ہمیں قربانیاں دینا سکھائیں، ہم اپنے فیصلے خود کریں گے کوئی اور نہیں کرے گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بنوں میں افسوس ناک واقعہ ہوا، بنوں کے لوگوں نے تعاون کرکے مزید نقصان سے بچایا، اس ملک کے لیے خون دیں گے مگر اپنے فیصلے خود کریں گے، ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو حقائق کو توڑمروڑ کر پیش کرتے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ مدارس کے بچے ہمارے بہت قریب ہے، جیسا بنوں کے عوام چاہیں گے بالکل ویسا ہی کریں گے، ہم نے بجٹ میں مدارس کے بچوں کیلیے بھی فنڈ رکھا ہے۔انہوں نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسلح گروہ مجھے پختونخوا میں نظرنہ آئے، پولیس اپنا کام کرے،عوام تمہارے ساتھ ہیں، یہ میرے عوام ہیں ان کی عزت میری عزت ہے، کرپشن کرنیوالے اور منشیات فروش کو نہیں چھوڑیں گے، پولیس دہشت گردوں کیخلاف ڈٹ کرکارروائیاں جاری رکھے، اپنی اصلاح کر لو جو اصلاح نہیں کرے گا سزا کیلیے تیاررہے۔

علی امین گنڈا پور کامزید کہنا تھا کہ ہمیں کسی شخص سے تواختلاف ہوسکتا ہے، شہید کے بارے میں غلط بات ہوتی ہے تودل دکھتا ہے، ہم سب نے شہدا کے لواحقین کا ساتھ دینا ہے،تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بنوں جرگے تمام 16 مطالبات منظور کیے گئے، میرے پاس دستخط شدہ دستاویز موجود ہے لیکن ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، آپ ہی کے 16 نکات میں ایک نکتہ تھا کہ مدارس، کسی گھر یا خفیہ ٹھکانہ سمجھے جانے والے کسی بھی مقام پر کوئی اور ادارہ نہیں بلکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس جائے گی اور وہ ہی صرف معاملے کو حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی عزت میری عزت ہے اور کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے ہر کوئی سوچ لے کہ وہ اس پر نہیں بلکہ صوبے کے وزیر اعلی پر ہاتھ ڈال رہا ہے۔علی امین گنڈاپور نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری ٹیم ہو، کرپشن کے خلاف لڑو، کرپشن مت چھوڑو، میں آپ کو اختیار دیتا ہوں، منشیات مت چھوڑو، منشیات فروش کو مت چھوڑو، میں آپ کے ساتھ ہوں۔