فرید احمد پراچہ کا مبارک ثانی بنام سرکار نظرثانی کیس میں تفصیلی عدالتی فیصلہ کے بنیادی نکات سے اتفاق

لاہور(صباح نیوز) مرکزی رہنما جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے مبارک ثانی بنام سرکار نظرثانی کیس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلہ کے بنیادی نکات سے اتفاق کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے 6فروری 2024ء کے فیصلہ میں موجود خلا اور سوالات کو امت کے اجتماعی موقف اور سابقہ عدالتی فیصلوں کے مطابق کر لیا ہے جو یقینا ایک مستحسن قدم ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نظرثانی اپیل میں باقاعدہ پٹیشنر تھی اور جماعت اسلامی پاکستان، علما اکیڈمی منصورہ اور پروفیسر محمد وقاص خان نے چالیس صفحات پر مشتمل تفصیلی موقف پیش کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ فیصلے کے تفصیلی جائزہ کے لیے ہم قانونی ماہرین اور علمائے کرام سے رجوع کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے ا ور قادیانی قرآن و سنت اور آئین و قانون کے مطابق غیر مسلم اقلیت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قادیانی آئین پاکستان میں اپنی غیر مسلم حیثیت تسلیم کر کے ہی اپنے حقوق کا سوال اٹھا سکتے ہیں۔