لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک و قوم کو درپیش سیاسی و معاشی بحران سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے ۔حکومت کے پاس اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں ۔عوام مہنگائی ، بے روزگاری اور بجلی کے ہوشربا بلوں سے بد حال ہو چکے ہیں۔26جولائی کا دھرنا عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات کے لئے ہوگا۔ قوم کو اپنے حقوق کے لئے ہمارا ساتھ دینا ہو گا ۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 26جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت ہر ضلع سے ہزاروں افراد اس دھرنے میں شرکت کریں گے اور اس وقت تک وہاں بیٹھیں گے جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہو جاتے ۔ فارم 47کی جعلی حکومت کو اب عوام کو ریلیف دینا پڑے گا ۔ ظالم حکمرانوں نے اپنی مراعات میں تو اضافہ کر لیا مگر عوام ، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ۔لوگ بجلی کے بلوں پر قتل کر رہے ہیں ۔ اگر یہی سلسلہ رہا تو ملک انارکی ، داخلی انتشار اور افراتفری کا شکار ہو جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے سے ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 50 فیصد صنعتیں بند ہوگئیں۔ 1 لاکھ 25 ہزار مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔موجودہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو بچانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ملک بھر کی 580 اسپننگ ملوں میں سے 29 فیصد ملیں بند ہیں جبکہ 440 نٹنگ ملوں میں 20 فیصد بند ہوچکی ہیں۔ 8 لاکھ 80 ہزار واٹر جیٹ مشینوں میں سے 32 فیصد مشینیں بند ہوچکی ہیں۔لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں ، کسی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہ آج ملک و قوم جس بدترین حالات سے دوچار ہیں اس میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کا برابر کا حصہ ہے ۔ عوام نے دونوں جماعتوں کو بار بار آزما لیا ،انھوں نے لوٹ مار اور عوام سے جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ادارے تباہ اور قومی خزانہ خالی ہو چکا ہے ۔کرپشن کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان اور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے