علمائے کرام امت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے راستے دکھائیں۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان


اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے کہ علماء کرام انبیاء کے وارث ہونے کے ناطے امت کو دجالی فتنوں سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں،طاغوت اور اس کا سارا نظام امت کے نوجوانوں اور خواتین کو گمراہ کرنے پر لگاہوا ہے،ٹرانس جنڈر بل ہویا خواتین کے دودوھ کا بینک یہ سب ا مت کے نوجوانوں کو اسلام سے دور کرنے کی سازش ہے جس کا مقابلہ ا مت کے وہ علماء حق کرسکتے ہیں جو قرآن وسنت سے گہری وابستگی رکھتے ہیں ،علماء کرام قرآن وسنت کے علوم سے لیس ہوکرامت کو درپیش نئے چیلنجز سے نبرد آزماہونے کے لیے راستے دیکھائیں،مغربی استعمار نے امت کی طاقت کو ختم کرنے کے لیے امت کو تفرقوں میں تقسیم کردیا،جماعت اسلامی امت کے اتحاد کی داعی ہے

ان خیالات کااظہارانھوںنے جمعیت اتحاد علماء جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے جید علماء نے شرکت کی اس موقع پر جمعیت اتحاد علماء کے نئے صدر کا انتخاب بھی کیا گیا ،مولانا منیر ضیاء جمعیت اتحاد علماء جموں کشمیرگلگت بلتستان کے صدر منتخب کیے گئے،اجلاس  میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین بھی شریک ہوئے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ علمائے کرام امت کے اتحاد کے لیے کردار اداکریں،تمام تر وسائل کے ہونے کے باوجود آج امت دشمنوں کے لیے ترنوالہ بنی ہوئی ہے،ہر جگہ مسلمانوں کاخون پانی کی طرح بہایاجارہاہے کشمیراور فلسطین میں جو کچھ ہورہاہے وہ ناقابل برداشت ہے ،اسلامی ممالک کے نام نہاد حکمران مغرب کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں ان کو بس اقتدار مل جائے ملت کی کوئی فکر نہیں ہے ۔انھوں نے کہاکہ ہمارے طاقت اتحاد اور ااتفاق میں ہے۔ہمارے اتحاد کا راستہ قرآن وسنت ہے ۔