قصور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہایوان کے تقدس کا مقدمہ عوام میں لے کر جائوں گا، میں کسی رکن کو گالم گلوچ کی اجازت نہیں دے سکتا، اسمبلی ریکارڈنگ جاری کردوں تو یہ لوگ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
قصور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اپوزیشن نے کہا امن و امان اور مہنگائی پر بات کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلایا ، اسمبلی کے ایک دن کے اجلاس پر ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ آتا ہے، میں ڈھائی گھنٹے تک ایوان میں بیٹھا اپوزیشن ارکان کا انتظار کرتا رہا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے 60 ارکان ٹریول الائونس لینے آئے، حاضری لگائی اور چلے گئے، افسوس اپوزیشن ارکان صرف ٹی اے ڈی اے لینے کیلئے اسمبلی آئے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میں کسی رکن کو گالم گلوچ کی اجازت نہیں دے سکتا، ہم نے بھی بہت احتجاج کئے لیکن ہمیشہ پارلیمانی دائرے میں رہ کر کیا، خاموش تماشائی نہیں بن سکتا، ایوان کے تقدس کا مقدمہ عوام میں لے کر جائوں گا۔ انہوںنے کہا کہ 60 لوگ حاضریاں لگا کر واپس چلے جاتے ہیں، میں کسی ایک جماعت پر تنقید نہیں کررہا۔