اسلام آباد میں پرامن دھرنا ہو گا ،ہمارا ہدف حکومت الٹنا نہیں ،لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، قومی سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 26جولائی کو اسلام آباد میں پرامن دھرنا ہو گا ،ہمارا ہدف حکومت الٹنا نہیں ۔

منصورہ میں 26 جولائی دھرنا تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے  لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا اِن شااللہ ہوگا۔ مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی ناقابل برداشت قیمتوں، آئی پی پیز، آئی ایم ایف کے ستائے عوام کا عظیم الشان ترجمان دھرنا ہوگا۔ عام آدمی، سفید پوش طبقہ باعزت زندگی گزارنے اور سانس لینے کا حق چاہتا ہے، 26 جولائی کو اسلام آباد دھرنا پرامن ہوگا، پریشان حال عوام کا پرجوش احتجاج ہوگا، ہمارا ہدف لاقانونیت نہیں، حکومت الٹنا نہیں، پارلیمنٹ پر قبضہ یا سپریم کورٹ کی بے توقیری نہیں، ہم عوام کے لئے باعزت باوقار زندگی، روزگار کا حق حاصل کرنا چاہتے ہیں، مہنگائی، یوٹیلٹی بلز، لاقانونیت، کرپشن، رشوت عوام کے لئے اب ناقابلِ برداشت ہوگئے ،کرپٹ مفاد پرستی کی عادی عیاش مافیا اب ملک کا بوجھ ہے۔لیاقت بلوچ نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کوتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان، عیدالفطر، عیدالاضحی کے بعد ماہِ محرم الحرام اور یومِ عاشورہ پر بھی غزہ پٹی کے شہروں غزہ سٹی، خان یونس، رفح اور دیگر علاقوں سمیت مغربی کنارہ میں بھی قتلِ عام جاری ہے، انسانیت لہو لہو ہے، فلسطینی عوام ظلم اور فسطائیت کی زد میں ہیں، 07 اکتوبر 2023 کے بعد مظلوم فلسطینی آتش و آہن کی موسلا دھار بارودی بارش میں استقامت سے کھڑے ہیں، فلسطینیوں کی استقامت، تقویٰ اور جیت کا عزم کامیاب ہوگا، وقت اور حالات نے ثابت کردیا کہ اسرائیل عالمی امن کے وجود کے لئے ناسور ہے، اس کا خاتمہ اب ناگزیر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کشمیری طلبہ و طالبات کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوں پر طلبہ و طالبات کے مسائل حل کرے ،پنجاب میں زیرتعلیم آزاد کشمیر، مقبوض کشمیر، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور جنوبی پنجاب کے طلبہ کو اعلانیہ ترغیبات اور سہولتوں سے محروم نہ کیا جائے۔ طلبہ و طالبات کا اطمینان قومی وحدت اور قومی سلامتی کے لیے مفید ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کشمیری قیادت کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ 18 جولائی کو مقبوضہ کشمیر، آزاد ریاست جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں نے الحاقِ پاکستان قرارداد پر غیرمتزلزل عزم کا اظہار کرکے پوری دنیا کو مضبوط پیغام دیا ہے کہ حقِ خودارادیت کے حصول کے بغیر کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے، مظلوم کشمیری تو بیداری، آزادی اور حقِ رائے شماری کے متوالے ہیں، پاکستان کے حکمران اور پالیسی ساز بھی اپنا قومی کردار اور فرض ادا کریں، 25 کروڑ پاکستانی بِلاتفریق جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں۔