جرمنی میں شرپسند افراد کا پاکستانی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ اور پرچم کی بے حرمتی قابل مذمت ہے،محمدجاویدقصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے اورقومی پرچم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔شرپسند افراد کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنا تشویشناک امر ہے ۔غیر ملکی سفارتی عملے اور عمارت کی حفاظت جرمن ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس کو یقینی بنایا جائے ۔اس واقع میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے ۔ملکی سلامتی ، عزت ، وقار اہم اور مقدم ہے ، ایسے واقعات کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ۔حکومت معاملے کو سفارتی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھائے ۔

ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا چاہتی ہے ۔ملک و قوم اس وقت بد ترین حالات سے دوچار ہیں ۔وفاقی و پنجاب کابجٹ فراڈ ہے’ اشرافیہ کومزید مراعات دیں اور عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کی’ مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات نہیں کیے گئے، ملک میں ادویات کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں سالانہ بنیادوں پر 15فیصد اورہسپتالوں کی سہولیات میں 14فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ۔حکمرانوں نے مہنگائی کی حد کر دی ہے ۔ ہر چیز عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے ۔ آئے دن بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ۔ لوگ ملکی حالات سے تنگ آکر بیرون ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔حکومت کے اپنے اعد اد وشمار کے مطابق صرف چھ ماہ کے دوران سات لاکھ افراد بیرون ملک چلے گے ہیں اور س تعدا د میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نا مساعد حالات کی بدولت نوجوان نسل تیزی کے ساتھ منشیات کی عادی ہو رہی ہے ۔ہر سال سینکڑوں نوجوان منشیات کی لیت میں پڑ کر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ منشیات فروش بلا خوف و خطر اپنا دھندہ کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کی خاطر جماعت اسلامی 26جولائی کو ڈی چوک اسلا م آباد میں دھرنا دے گئی ۔دھرنے میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ قوم کوظلم کے نظام کے خلاف باہر نکلنا ہوگا