اسلام آباد دھرنا عوام کو ریلیف دینے کیساتھ مجرموں اور ان کے جرائم کو بے نقاب کرکے سزادینا ہے ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ،نائب امراء مولاناعبدالکبیر شاکر ،بشیراحمدماندائی ،ڈاکٹرعطاء الرحمان ، میر محمد عاصم سنجرانی ،حافظ محمد اسماعیل مینگل ،مولانا پروفیسرمحمد ایوب منصورنے کہاکہ قوم کے خون پسینے کروڑوں روپے کی کمائی لیکر آئی پی پیزکودینا   حکمرانوں کو لوٹ مار وبے حسی اور ناکامی کا ثبوت ہے آئی پی پیز میں جو بھی شامل ہے وہ قومی مجرم اوران کی سزاشہریت ختم کرکے عمر قید ہے آئی پی پیز کو اس بجلی کی ادائیگی جو قوم نے استعمال نہیں کیا قابل مذمت اورشرمناک ہے۔اسلام آباد دھرنا عوام کو ریلیف دینے کیساتھ مجرموں اور ان کے جرائم کو بے نقاب کرکے سزادینا ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز کے معاہدوں کی بنیاد پر جو بجلی بنائی گئی ہے وہ بہت مہنگی عوام کو لوٹنے کے مترادف ہے جماعت اسلامی مجرموں اوران کے جرائم کو بے نقاب کر رہی ہے ۔ لٹیروں کے جرائم کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ۔ 26 جولائی کا اسلام آباد دھرنا بجلی و گیس ٹیرف اور ٹیکسز میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف ہوگا، عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں،حکمرانوں نے غریبوں کے چولہے بجھا دیے، غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے، مہنگائی غربت نے ہر گھر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں حکومت عوام کے ساتھ فریب اور دھوکہ کررہی ہے، بجلی چوری عوام اور قومی معیشت کے لیے وبال جال بن گی ہے، حکومت تین منی بجٹ پیش کر چکی ہے، آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ ہو رہا ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کیا ہے عوام کا مطالبہ تھا کہ غیر ترقیاتی اخراجات کم کیے جائیں لیکن عملاً حکومت نے 25فیصد اخراجات بڑھا دیے ہیں، سرکاری مراعات میں 100فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، حکمران جمہوریت کو مستحکم کرنے کی بجائے اسے تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، بجلی گیس بلوں میں طرح طرح کے ٹیکسز نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا گیا ہے، قرضوں کا بوجھ پہلے ہی برقرار ہے لیکن اربوں کے مزید قرضے لینے کے انتظامات ہورہے ہیں،حکومت نے صحت کی سہولتوں پر تین سو ارب روپے کی سبسڈی ختم کردی ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی ہے، بجلی و گیس کے بلز کی ادائیگی کے لیے عوام گھر کے زیورات فروخت کررہے ہیں، اب ملک چلانا عملاً مشکل ہے، موجودہ صورتحال پاکستان کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوچکا ہے، ملکی مفادات کے خلاف معاہدوں کی سزا عوام کو نہ دی جائے، عوام میں غم و غصے کی لہر ہے، یہ معاہدے کسی طور مناسب نہیں ہیں، 40فیصد عوام خط غربت سے نیچے جاچکے ہیں، انہی حالات کے پیش نظر 26 جولائی کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا عوام کے حقوق کے لیے دھرنا ہوگا، یہ دھرنا مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ پی ٹی آئی پر پابندی اور عزم استحکام آپریشن کا اعلان کسی طور درست فیصلہ نہیں ہے، اس سے ملک میں مزید انتشار پیدا ہوگا۔  ملکی سلامتی کے لیے پوری قوم کو یکجا ہونا ہوگا۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ 26 جولائی کے دھرنے میں شریک ہوں ۔میڈیا کے مشکور ہیں جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلیے کردار ادا کررہا ہے۔ ہم بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے اسلام آباد میں دھرنا دے رہے ہیں#