ملک بھر سے کسان26جولائی کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے سردارظفرحسین خان

فیصل آباد(صباح نیوز)  کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدرسردارظفرحسین خان نے کہاہے کہ ملک بھر سے کسان26جولائی کو بجلی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں،اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں بھرپورشرکت کریں گے۔۔حکومت نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی توپورا ملک دھرنے کا میدان بنے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام ریلیف سے محروم ہیں،عوامی حمایتسے ملک میں پرامن انقلاب آئے گا،ملک لوٹنے والے  خش و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ آئی ایم ایف سے کیے گئے خفیہ معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ظالمانہ ٹیرف، سلیب سسٹم اور آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے ظالمانہ معاہدے فی الفور مذاکرات کرکے ختم کیے جائیں، تنخواہ داروں پر ٹیکسز واپس لیئے جائیں، بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے، عوام کو سولر سسٹم نہیں ڈائریکٹ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ اقتدار میں آتی ہے تو بڑے پروجیکٹس کے نام پرنئے نئے کاروباری دھندوں کا آغاز کرتی ہے۔ عوام کو ریلیف نہیں پہنچتا، حکومت جعلی پبلسٹی کیلئے اربوں کے اشتہارات دینا شروع کردیتی ہے۔ پی ڈی ایم ون کے دور میں شہباز شریف نے 200 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا، اشتہارات جاری ہوئے، آئی ایم ایف کے دبا پر مکر گئے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ناانصافی کو قبول نہیں کریں گے، نالائقی حکمرانوں کی ہو اور سزا عوام بھگتیں، ایسا نہیں چلے گا۔ بجلی موجود ہے تو لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے، لائن لاسز اور چوری روکی جائے، جو رقم ٹرانسمیشن
سسٹم کو بہتر بنانے میں لگنی چاہیے وہ آئی پی پیز کو جارہی ہے۔ عوام کو خیرات نہیں حق چاہیے۔