کراچی((صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے معاشرہ کی اصلاح اور ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آپ دین کے داعی اور ہدایت کی وشنی کے مینار ہیں، اپنے مطالعے اور علم وعمل میں اضافہ کریں، مسجد ومدرسہ کی امامت اور اقامت دین کیلئے جدوجہد بڑی سعادت کا کام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے تحت قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ فضلا ء کنونشن سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ جس میں فاضلین درس نظامی، مفتیان کرام اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، علماء کرام جماعت اسلامی کا دست وبازو بن کر اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو تیز کریں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق منتظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ ساجد انور نے اپنے خطاب میں کہاکہ تعلیم و تعلم بہت بڑا مقدس کام ہے۔ مسجد و مدرسے کے ساتھ تعلق مضبوط اور مرتے دم تک تعلیم و تصنیف کا سلسلہ جاری رکھیں۔انہوں نے فضلاء کو مخاطب ہوتے کہاکہ آپ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھیں یہ معمولی نہیں بلکہ بڑی سعادت ہے جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو دی ہے۔ آج کے دور میں اہل مدارس کے لیے بڑی مشکلات ہیں۔ مدارس سے فارغ التحصیل افراد کی کیریئر کونسلنگ بھی نہیں ہے۔معاشرہ آپ کو عالم اور مفتی کے نام سے ضرور پکارے گا مگر آپ پوری زندگی اپنے آپ کو طالبعلم ہی سمجھیں۔ دنیا سمٹ کر گلوبل ولیج بن گئی ہے اسی کے مطابق منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہم حاکمیت الاہی اور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتے ہیں۔رابطہ المدارس الاعالمیہ پاکستان سندھ کے کوآرڈینیٹر مولانا عبدالوحید اخوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان تمام علوم حاصل کرتا ہے مگر علم کا سرچشمہ قرآن مجید ہے ،معاشرہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں ہوتا ہے،آپ کو علم کی چابی ملی ہے مگر اس چابی کے ذریعے کتب کا خوب مطالعہ کریں اپنے علم میں وسعت اور اپنے آپ کو خوب سے خوب تر بنائیں۔ جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مفتی علی الزمان کاشمیری نے اپنے خطاب میں فضلاء پر زور دیا کہ علماء کا وضع قطع اور اپنے اندر عجز و انکساری پیدا کریں معاشرہ اسی کو ہی قبول کرتا ہے۔
جامعتہ الحر مین کے مدیرمفتی عطاء الرحمان نے کہاکہ سطحی علم سے بچنا اور علم کی گہرائی تک جانا بہت اہم کام ہے۔ اپنے آپ کو پہچانیے خود شناسی دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ آپ میں سے ہر شخص کو ادارہ بننا ہے۔ جن اداروں لوگوں نے آپ پر سرمایہ کاری کی ہے ان کا قرض اور امیدوں پر پورا اترنا ہوگا۔ جامعہ حنفیہ کے کے مدیر مولانا محمد یامین منصوری نے فضلاء کنونشن کے انعقاد پر نظم جماعت اسلامی سندھ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ فارغ طلبہ لاتعلقی کے بجائے اپنے ادارے اور تحریک کے ساتھ جڑے رہیں۔کچھ کاموں کو کرنے کا ہدف اور اپنے وقت کی بھرپور منصوبہ بندی کریں۔
ڈائریکٹر اسلامی فقہ اکیڈمی مفتی مصباح اللہ صابر نے کہاکہ فقہ اکیڈمی گزشتہ 13 سالوں سے اپنی علمی و دینی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ آپ ۖکے دین کے کام میں مشکلات و رکاوٹیں لازم و ملزوم ہیں جس کے لیے آپ کو پہلے سے تیار رہنا پڑے گا۔ کنونشن می سے صوبائی نائب قیم اورشعبہ مساجد ومداس کے نگران مفتی آفتاب ملک،مولانا محمد دین منصوری،مفتی عرفان عادل،مولانا محمد موسیٰ ملاح نے بھی خطاب کیا جبکہ جامہ معہ منصورہ سندھ کے مدیر مولانا احسن بھٹو، آغا عبد الصمد منصوری اور مجاہد چنا بھی موجود تھے۔