میمن گوٹھ ، بچوں کی اموات کی ذمہ دارسندھ حکومت و کے ایم سی ہیں ، منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ڈپٹی میئر سلمان مراد کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچوں کی اموات کا حالیہ واقعہ چوتھا واقعہ ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل ِ مذمت ہے ۔ اس کی ذمہ داری سندھ حکومت اور کے ایم سی پر عائد ہوتی ہے ،بچوں کی جان بچانے کے لیے کوئی حکومتی مشینری موجود نہیں تھی ، 25سال سے اس گوٹھ میں سیوریج کا نظام موجود نہیں ہے ،جماعت اسلامی سوگوار خاندانو ں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ میمن گوٹھ کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، سیوریج کا نظام بنایا جائے ، زندگی ہارنے والے بچوں کے اہل خانہ کو زرِ تلافی ادا اور زخمی بچوں کا علاج معالجہ سرکاری خرچ پر کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوسہ محلہ ،میمن گوٹھ ملیر میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین و دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیر ضلع ائیر پورٹ محمد اشرف ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ٹائون چیئر مین ظفر احمد خان ، ایوب خاصخیلی ، کریم بخش سمیت  جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ منعم ظفر خان نے بچوں کے اہل خانہ سے اظہار ِ تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی اورسندھ حکومت و کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی۔وہ زخمی بچوں کے گھر بھی گئے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

منعم ظفر خان نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے نمائندے اس علاقے سے ووٹ لیتے ہیں اور انتخابات کے موقع پر بہت سے وعدے کرتے ہیں لیکن جیتنے کے بعد یہاں کے مکینوں کو بھول جاتے ہیں ۔ ڈپٹی میئر سلمان مراد یہاں کے یوسی چیئر مین بھی ہیں اور صورتحال یہ ہے کہ یہاں سیوریج کا کوئی نظام موجود نہیں اور لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کا انتظام کرتے ہیں ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ قبضہ میئر نے ایک سال قبل اعلان کیا تھا کہ ہم کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگائیں گے مگر تاحال وہ اپنے اعلان پرعمل درآمد نہ کر سکے ۔ بارشوں کا امکان ہے اور ابھی تک شہر کے کئی نالے صاف نہیں ہوسکے ، تیز بارشوں میں ان کے اوور فلو ہونے کا خطرہ ہے جبکہ کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی بارشوں سے شدید خطرات لاحق ہیں ۔