26 جولائی کو اسلام آباد میں مہنگائی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہونے والے دھرنے میں سندھ بھر سے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔محمد حسین محنتی

حیدرآباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی قوم پر مسلط کردہ حکومت نے ملک کی معیشت تباہ، دہشتگردی مہنگائی اور بجلی بلوں میں مسلسل اضافے سمیت ٹیکسز میں ظالمانہ اضافہ سے قدرتی دولت سے مالامال ہونے کے باوجود عوام کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا ہے۔ آئی ایم ایف سے قرض لیکر عیاشیاں اور بیرون ملک بنک بیلنس یہ بناتے ہیں اور مہنگائی و ٹیکسز کی صورت میں اس کا خمیازہ عوام بھگتے ہیں اب یہ لوٹ مار کی سیاست نہیں چلے گی۔ دبئی لیکس میں شامل ججز جرنیل بیوروکریٹ سمیت تمام سیاستدانوں کا احتساب اور قومی خزانی کی لوٹ مار کا سلسلہ بند کیا جائے۔26 جولائی کو اسلام آباد میں مہنگائی و ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہونے والے دھرنے میں سندھ بھر سے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔ مخصوص نشستوں پر اصل حق حقداروں کو ملنے پر سپریم کورٹ کیفیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ آئین کے برعکس اور اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں یرغمال الیکشن کمیشن کواستعفیٰ دے کرگھرجاناچاہیے۔اب جوڈیشل کمیشن بنا کر فارم 45 کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی حقداروں کو واپس ملنی چاہئیں۔ ملک وقوم کی خاطر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے کیونہ جماعت اسلامی ملک میں کشکول والی معیشت سے نجات اسلامی و خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔عوام اس کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں حیدرآباد میں ضلعی ذمے دوران کے اجلاس اور ٹنڈوجام میں ملاکنڈ چوک پر دھرنا آگاہی کیمپ پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں امیر ضلع عقیل احمد ، جے ائی یوتھ کے عرفان احمد قائمخانی،اور این ایل ایف سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ نے اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں سمیت دیگر دعوتی و تنظیمی امور سے آگاہ کیا۔صوبائی امیر نے مزید کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت ختم،ائی ایم ایف کی غلامی اور سودی نظام سے نجات کے بغیر ملک آگے نہیں بڑہ سکتا۔ صوبائی امیر نے جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن عبدالسلام عارف کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت جبکہ کوہسار میں عبدالقیوم ایڈووکیٹ کی اہلیہ کی وفات پر گھر جاکر تعزیت کی۔