کٹھوعہ میں بھارتی فوج کا ایس او جی اور پیرا کمانڈوز کے ساتھ فوجی آپریشن شروع

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میںبھا رتی فوج نے  ایس او جی اور پیرا کمانڈوز کے ساتھ فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ علاقے میں ایک حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی  فوجی اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی ہے ۔

بھارتی فوجی ترجمان کے مطابق کٹھوعہ کے لوہائی ملہار بلاک کے ماچھیڈی علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں نائب صوبیدار اننت سنگھ،ہیڈ کانسٹیبل کمل سنگھرائفل مین انوج سنگھ،رائفل مین اسرش سنگھ اورنائک ونود کمار ہلاک ہو گئے ہیں ، جبکہ  ہیڈ کانسٹیبل اروند سنگھ،ہیڈ کانسٹیبل سوجھان رام،نائک ساگر سنگھ،ہیڈ کانسٹیبل گگندیپ سنگھ،رائفل مین کارتک شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔ فوجی ترجمان کے مطابق حملہ آووروں نے  بھارتی فوجی پارٹی پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی ۔ اس واقعے کے بعد بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے  پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔ منگل کے روز بھی   علاقے میں بھارتی فوجی آپریشن جاری رہا۔

فوج نے آپریشن میں  اسپیشل آپریشن گروپ(ایس او جی) اور پیرا کمانڈوز کو بھی شامل کرلیا ہے۔ جنہیں ہوائی جہاز سے حملے کے علاقے میں پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ کٹھوعہ شہر سے 150 کلو میٹر دور لوہئی ملہار میں واقع بدنوتا گاوں میں پیش آیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب فوج کے کچھ جوان علاقے میں معمول کی گشت پر تھے ۔ کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع ہیں ۔ بھارتی فورسز کے اہلکار لوگوں کوپوچھ گچھ کے نام پرہراساںکررہے ہیں اوران پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ وہ ان کے مخبر بن کر مجاہدین کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔