کراچی (صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن بلاک 4-اے میں احمد سعید پارک کو تزئین و آرائش کے بعد بحال کردیا گیا – افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیے بغیر عوام کو اٹھارویں ترمیم کا فائدہ نہیں پہنچے گا ۔
تقریب سے گلشن اقبال ٹاؤن کے وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی یوسی 5 کے چیئرمین مظفر اقبال وائس چیئر مین آصف آزاد ٹان کی پارکس کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم ۔ ممتاز صحافی احمد سعید قریشی مرحوم کے بھائی انور سعید ۔ جماعت اسلامی کے ناظم علاقہ نعمان پٹیل نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر فواد نے کہا کہ کراچی کو لوٹنے کا رویہ ترک کیا جائے ۔ کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ کراچی کو بنجر بنانے کی کوشش کی تو کوئی حکومت نہیں چل سکے گی ۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو تو اختیارات منتقل کر دیئے گئے لیکن عوام کے حقوقِ کے دعوے دار وں نے اختیارات کو اضلاع اور ٹاؤن کی سطح پر منتقل نہیں کیا ۔ ہم محدود وسائل کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ پچیس میں سے تقریبا نصف پارکس کو بحال کر دیا ہے ۔ چار ایسے پارکس بھی بحال کیے گئے جنہیں ماضی کی بلدیاتی قیادت نے عملا کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا تھا ۔
ٹاؤن کی پارکس کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم نے کہا ہے کہ اس سال کئی پارکوں کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا اور ہر پارک میں سایہ دار درخت لگائے جائیں گے- ٹاؤن چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کے وژن کے مطابق گلشن اقبال کو ماحول دوست اور ہرابھرا ٹاؤن بنایا جارہا ہے-