لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ انسان کی خوشی اور مسرت مادی ترقی میں نہیں، دین اسلام کا پیغام اپنانے میں ہے۔ اگر دنیاوی چہل پہل، چوڑی سڑکیں، ٹیکنالوجی کی بہتات لوگوں کو خوشی دے سکتی، تو آج امریکا اور یورپ میں بسنے والا انسان دنیا میں سب سے مطمئن ہوتا۔ مگر ہم دیکھ رہے ہیں کہ یورپ اور امریکا جرائم کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ مغرب انسانوں کو درپیش نفسیاتی امراض میں سب سے آگے ہے۔ مغرب میں عورت کی عزت محفوظ ہے نہ انسانی حقوق کا تحفظ۔ جماعت اسلامی کاپیغام آفاقی ہے۔ جماعت کے کارکن ہی تحریک اسلامی کا سرمایہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان 70سالوں سے جاگیرداروں اور وڈیروں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک کو سٹیٹس کو سے نجات دلانے اور اسلام کا آفاقی نظام متعارف کرانے کے لیے ہے۔
انھوں نے کہا کہ جماعت کے کارکن اگر اسی ہمت اور جرأت سے دین کا کام کرتے رہے تو وہ وقت دور نہیں کہ جب پاکستان میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور ملک خوشحال ہو گا۔