مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے مرکزی نائب امیروچیئرمین سیاسی امور کمیٹی انجینئر محمد خالد خان اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر راجہ جہانگیر خان نے مشترکہ طورپر کہاہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر کشمیرآزاداور فرسودہ نظام تبدیل کرے گی،آزادخطے پر پونی صدی سے مسلط سیاسی ٹولہ اور نظام ناکام اور فلاپ ہوچکاہے،اس نظام نے زمین بوس ہونا ہے آج ہوا یاکل ،جماعت اسلامی کے پاس متبادل قیادت اور نظام ہے جو عوام کو ریلیف فراہم کرسکتاہے،اللہ کے دیے ہوئے نظام کے قیام اور نفاذ سے ہی مسائل حل ہوںگے،ان خیالات کااظہارانھوںنے ضلع مظفرآباد کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیاسی کمیٹی نے ضلع مظفرآباد کے تمام انتخابی حلقوں کو جائزہ لیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے،
اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ،امیر ضلع راجہ آفتاب اور دیگر انتخابی حلقوں کے امراء اور سیاسی قائدین نے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد خالد خان نے کہاکہ جماعت اسلامی دینی سیاسی جماعت ہے رائے عامہ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتی ہے ،جماعت اسلامی زمام کار تبدیل کرنا چاہتی ہے اقتدار بدیانت لوگوں کے ہاتھوںسے لے کر اہل اور دیانت دار لوگوں کودیناچاہتی ہے ،ہمارے سارے مسائل کاحل بھی یہی ہے ،جب تک بدیانت لوگ مسلط رہیں گے وہ اپنے عزیزوںکو نوازتے رہیںگے،کرپشن کرتے رہیںگے،جماعت اسلامی عوام کے پاس جائے گی اور اپیل کرے گی کہ بس بہت ہوگیا اب مزید تجربات کرنے کی بجائے جماعت اسلامی کو وووٹ دیں جماعت اسلامی بقیہ کشمیربھی آزاد کرائے گی اور کرپٹ اور باطل نظام کو بھی تبدیل کرے گی۔