کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں ڈاکووں اور قاتلوں کا راج ہے، شہید نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کو سندھ حکومت تحفظ دے رہی ہے، ایک ماہ گذرنے کے باوجود شہید کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے سے صاف ظاہر ہے کہ انہیں ریاستی اداروں اور سندھ حکومت مکمل سہولت کاری فراہم کررہی ہے، سندھ میں گذشتہ سولہ سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت کے باوجود لوگ آج بھی پتھر کے دور جیسی زندگی بسر کررہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے محلات اور دولت میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے، کندھ کوٹ کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد اور شکارپور سے آئے دن لوگ اغوا اور قتل ہورہے ہیں جبکہ کراچی میں ہر روز نوجوانوں کو لوٹ مار پر مزاحمت کے نتیجے میں بے دردی سے قتل کیا جارہاہے مگر زرداری اور مراد علی شاہ سمیت تمام ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورماتھیلو میں شہید ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پریس کلب تاء سی ایم ہاوس احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی ساتھ موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو لنڈی کوتل کے صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کی گرفتاری اور مذمت کرتے ہیں اچھی بات ہے لیکن سندھ میں قتل ہونے والے صحافیوں جان محمد مہر، عزیز میمن، اجے لالوانی اور شہید نصراللہ گڈانی کے قتل پر مکمل خاموشی اختیار کرتے ہیں کیوں کہ قاتلوں کے ٹولے کا ان کی پارٹی کے بااثر لوگوں کے ساتھ تعلق ہے، ان کایہ جوک اوردہری سیاست مزید نہیں چل سکتی ،آج شہید نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ان کی والدہ اماں پٹھانی کی قیادت میں پورے سندھ سے لوگ یہاں جمع ہیں، اب یہ ظلم ختم ہونا چاہئے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیاہے، صحافیوں کا ساتھ دیا ہے اب یہ جاگیردارانہ اور سرداری نظام کا خاتمہ ہونا چاہئے ،یہ جدوجہد جو نصراللہ گڈانی کی شہادت سے شروع ہوئی ہے ان شااللہ سندھ سے ظالمانہ نظام اور وڈیرہ شاہی کو جڑ سے ختم کرکے دم لے گی۔#