آئیڈیاز کے انعقاد سے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ سٹرٹیجک روابط مستحکم ہوئے،مراد علی شاہ


کراچی(صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز کراچی شہر کا سب سے بڑا اور اہم ایونٹ ہے، آئیڈیاز کے انعقاد سے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ سٹرٹیجک روابط مستحکم ہوئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت آئیڈیاز 2024 کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، ڈی جی ڈی ای پی او میجر جنرل اسد نواز، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت دیگر لوگ شریک ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 12ویں عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار 19 تا 22 نومبر کو ہو گا، 2000 ء سے 2024 ء تک آئیڈیاز کے انعقاد سے دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کے انعقاد سے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ سٹریٹجک روابط مستحکم ہوئے ہیں، آئیڈیاز 2024 ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے، جو ملک کے لئے بڑا اعزاز ہے۔ ڈی جی ڈی ای پی او نے اجلاس میں بتایا کہ آئیڈیاز 2024 میں 50 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں، آئیڈیاز برصغیر کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، ہم سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں، وہ آئیڈیاز کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرتی ہے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئیڈیاز کے انعقاد کے لئے پولیس اور رینجرز فول پروف سکیورٹی پلان بنائیں، جہاں سڑکیں، نکاسی آب اور سٹریٹ لائٹس کی ضرورت ہے وہ فوری مکمل کی جائیں، شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر کیا جائے، آئیڈیاز 2024 کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔