لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے برادراسلامی ملک افغانستان میں یتیم بچوں کی کفالت کے لئے آغوش ہوم کے قیام کے لئے افغانستان کے معروف فلاحی ادارے ہیومینیٹیرین ازسٹنس سوسائٹی کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیئے۔
معاہدے کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کابل شہر میں ابتدائی طور پر 150یتیم بچوںکی کفالت کے لئے آغوش ہوم قائم کرے گی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص اور چیئرمین افغانستان ڈاکٹر ہارون خطیبی نے یادداشت کی دستاویز پر دستخط کئے۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال، نائب صدر وصدر خیبر پختونخوا ریجن خالدوقاص،ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، نورالواحد جدون اور دیگر ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں ہزاروںیتیم بچوں کی کفالت کرنے والا نمایاں ادارہ ہے، جیسے معروف ادارے کے ساتھ ملکرجنگ متاثرہ یتیم افغان بچوں کے لئے آغوش کا قیام خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ملک بھر میں 18 جبکہ یتیم شامی بچوں کے لئے ایک آغوش ہوم ترکی کے سرحدی شہر غازی انطب میں قائم ہے۔ ان آغوش ہومز میں 1414 بچے رہائش پذیر ہیں جہاں انھیں قیام و طعام، صحت و تعلیم کیساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کیا جاتا ہے۔