کراچی( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان بیان بازی کو ٹوپی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی تا کشمور سندھ کی تباہی اور بربادی میں ایم کیو ایم بھی پیپلزپارٹی کے جرائم میں برابر کی شریک ہے، تازہ ترین بیان بازی نوراکشتی اور اپنی نااہلی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پ پ سندھ پر گذشتہ سولہ سالوں سے مسلسل سندھ پر حکمرانی کررہی ہے لیکن کراچی تا کشمور سندھ کا امن تباہ اور عملی طور پر صوبے کو ڈاکووں کے حوالے کیا گیا ہے، کراچی میں صرف کچھ مہینوں کے دوران 80 سے زائد افراد کو لوٹ مار کے دوران قتل کیا گیا، تیل،گیس اور کوئلے سمیت زراعت کی دولت سے مالا مال سندھ غربت وافلاس کی لپیٹ میں ہے، سندھ کے وسائل اور زمینوں کو ذاتی مفادات کے حصول کیلئے نیلام کیا جارہا ہے
جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم بار بار حکومت میں موجود ہونے کے باوجود بھتہ خوری، نفرتوں اور بوری بند لاشوں پر سیاست کے سوائے عوام کو کچھ بھی ڈلیور نہیں کیا ہے۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام کا آواز بن کر ہر سطح پر حق کی بات کرتی ہے،کراچی کی تعمیر وترقی میں سابق ناظم سٹی نعمت اللہ خان اور میئر عبدالستار افغانی کا کام اور کردار پوری قوم کے سامنے موجود ہے۔