کورکمیٹی تحریک انصاف نے عمرایوب سے پارٹی عہدے سے استعفی واپس لینے کی درخواست کردی

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے عمرایوب خان سے  پارٹی عہدے سے استعفی واپس لینے کی درخواست کردی۔ اجلاس کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ  تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے  تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی ہیں ۔عمر ایوب خان کا بطور سیکریٹری جنرل استعفی منظور نہ کرنے کی سفارش بھی قرارداد کا حصہ ہے ۔عمر ایوب خان کی جانب سے انتہائی کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کے لیے پیش کی گئی قابل تحسین خدمات کی پارٹی  معترف ہے،عمر ایوب خان سے پارٹی عہدے سے اپنا استعفی واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں، ان کی بطور پارٹی سیکریٹری جنرل خدمات موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔کور کمیٹی تاحیات اور بانی چیئرمین عمران خان سے عمر ایوب خان کا استعفی منظور نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نہایت حساس اور اہم ترین موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی شدید مذمت کرتی ہے،مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ جانے والوں کے پاس باہر بیٹھ کر پارٹی معاملات پر تبصرہ آرائی کرنے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں،پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار ہے نہ ہی ان کے بیانات کسی طور پارٹی معاملات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں،مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے،وہ تمام افراد جنہیں اپنے کیے پر افسوس ہے ان کے متعلق فیصلہ تاحیات اور بانی چئیرمین جناب عمران خان کی صوابدید ہے۔پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا،مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تمام معاملات سے فوری طور پر نہایت سختی سے نمٹا جائے گا،پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا،جن افراد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹسز دیے جا چکے ان کے معاملات سات روز میں نمٹائے جائیں گے۔