خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے مالی خدمات اور قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، آصف علی زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے مالی خدمات اور قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی اور بینکنگ شعبے میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گروپ چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری سے خاندانوں کی خوشحالی اور ملکی ترقی میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ کیلئے اقدامات کئے ہیں، حکومت ِسندھ نے مینگروو جنگلات لگائے اور عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹس کی تجارت سے زرِمبادلہ حاصل کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ موسمیاتی شعبے میں سرمایہ کاری سے ماحولیات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے زرعی شعبے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں بالخصوص چھوٹے ڈیموں، بیراجوں اور پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری پر زور دیا اور کہا کہ بینک کسانوں کی زرعی ضروریات تک رسائی بڑھانے کیلئے مالیاتی خدمات ، قرضے فراہم کریں۔ وفد نے صدر ِمملکت کو پاکستان کی معیشت ، بینکنگ انڈسٹری کی ترقی اور ارتقائ، ملکی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بینک کے کردار بارے آگاہ کیا۔صدر ِمملکت نے بینک کو پاکستان میں کامیاب آپریشنز کے 160 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینک نے ملک کے بینکنگ سیکٹر کے ارتقامیں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بینک ملک میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے گا اور پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔