ہر طبقہ فکر کی خواتین اساتذہ، ڈاکٹرز ،وکلا ،طالبات اور گھریلو خواتین12 جولائی اسلام آباد دھرنے کی بھرپور حمایت کریں،ڈاکٹر حمیرا طارق

 لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی  ناقص پالیسیوں نے پوری قوم کو معاشی بدحالی اور بے یقینی کی کیفیت سے دو چار کر دیا ہے- جب تک ظالم طبقہ مسلط رہے گا تو غریب عوام کا درد رکھنے والی سیاسی قیادت  خاموش نہیں رہ سکتی-

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان  ڈاکٹر حمیرا طارق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی طرف سے حق دو عوام کوتحریک کے آغاز پر بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی پر مبنی اپنے بیان میں کیا – انھوں نے کہا کہ ہر مکتبہ فکر کا استحصال ہو رہا ہے، ملک میں سیاسی و معاشی افراتفری کا خطرہ ہے،  پوری قوم کو مایوسی اور بے چینی کی  طرف دھکیلا جا رہا ہے، عوام دیکھ رہی ہے کہ کینیا میں کیا ہوا، حکومت کو چاہیے کہ ہوش کے ناخن لے اور عوام کو ریلیف دیں – ورنہ عوامی استحصال حکمرانوں کو مہنگا پڑے گا –  انھوں نے کہا کہ  پہلے عوامی مینڈیٹ کا قتل و خون ہوا ،اب ستائی ہوئی عوام کا معاشی استحصال جاری ہے -قوم کب تک برداشت کرے گی ، صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے –

ڈاکٹر حمیرا طارق نے مذید کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی جماعت عوام کے لیے بات نہیں کر رہی، ملک میں اکثر پارٹیاں وراثت پر چل رہی ہیں، جاگیرداروں، وڈیروں پر مشتمل سیاستدانوں کو عوامی مشکلات اور مسائل  کی بالکل پرواہ نہیں انھوں نے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے، انھوں نے قوم کو تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات سے محروم رکھا،-غریب  عوام پر ظالمانہ ٹیکسز عائد کر دیے، تنخواہ دار طبقات کی کمر توڑ دی گئی، کسانوں سے ان کی سال بھر کی محنت چھین لی گئی  صنعت پہلے ہی تباہ، اب زراعت کو بھی برباد کیا جا رہا ہے،- نوجوان اور ماہرین  مایوس ہو کر بیرون ملک جا رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل حمیرا طارق  نے اپیل کی کہ 12 جولاء کو اسلام آباد دھرنے کی ہر طبقہ فکر کی خواتین اساتذہ، ڈاکٹرز ،وکلا ،طالبات اور گھریلو خواتین  بھرپور حمایت کریں،  اور عوامی طاقت سے بنیادی  حقوق کا حقیقی حصول ممکن بنائیں #