صدرآصف زرداری،چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی ،سینیٹر اسحاق ڈار سینیٹرشبلی فراز،اسدقیصر ودیگر رہنماؤں کی باجوڑ میں دہشت گردواقعہ کی مذمت

اسلام آباد (صباح نیوز) صدرآصف علی زرداری چیئرمین سینیٹ  سید یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے مذمت کرتے ہوئے  سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکیا ہے ۔ صدر مملکت نے اپنے بیان میںدہشت گردی کے  واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے جاںبحق افراد کیلئے مغفرت،  ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا ہے ۔چیئرمین سینٹ نے سابق سینٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلانہ حملے کو بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس جانی نقصان پر جتنا بھی افسوس کی کیا جائے کم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر ہدایت اللہ شریف النفس اور محنتی انسان تھے۔ بطور سینیٹر انہوں نے عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی خوشحالی کے لئے بڑا کام کیا ہے ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹرہدایت اللہ کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے تھا اور ان کی علاقے کی ترقی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بطور سینٹر انہوں نے ہمیشہ اپنے علاقے کی عوام کے لئے آواز اٹھائی اور پسماندہ طبقات کے لیے جدوجہد بھی کی۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں اس دہشت گردانہ کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اوراس دلخراش واقع میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب، کسی قومیت سے نہیں ہے وہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ اللہ تعالی سے شہید ہدایت اللہ کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان اور ان کے علاقے کی عوام کے ساتھ ہیں۔اللہ تعالی ان کے خاندان کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں لازوال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے بھی اس واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور سوگوار خاندان کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی مرکزی راہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے  باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے، سابقہ سینیٹر ہدایت اللہ سمیت دیگر افراد کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی،متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز سید نیر حسین بخآری نے غمزدہ لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے  اور کہا ہے کہ  سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی بم دھماکے  میں شہادت  کی خبر سن کر دل رنجیدہ ہے۔ افسوسناک سانحہ  باعث  تشویش  ہے۔مرحوم کے پورے  خاندان سے دلی ہمدردی ہے وہ  ایوان بالا میں فاٹا کے عوامی  مسائل کے حل کیلئے بااثر آواز تھے۔سابقہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو موثر  سیاسی وپارلیمانی  آواز سے محروم کیا گیا ہے۔دہشتگردانہ حملہ کرنے اور سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالا کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ نیر بخآری نے سینٹر ہدائت اللہ مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعاکی ہے۔