کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نواز لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرول 7.45روپے ، ڈیزل 9.56روپے سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت نے ظالمانہ آئی ایم ایف بجٹ کے بعد عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرا دیا ، عوام کو ریلیف دینے کے نعرے لگانے والی حکومت غریبوں اور تنخواہ دار طبقے سے جینے کا حق بھی چھین لینا چاہتی ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بار بار کے ہوشربا اضافے اور بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنے ناممکن ہو تے جارہے ہیں ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جن اشیاء پر براہ راست ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے ان کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی ۔ حکومت عوام کو اگر ریلیف دینا چاہتی ہے تو فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ واپس لے ورنہ عوام کو ریلیف دینے کی باتیں کرنا چھوڑ دے ۔
اپنے بیان میں منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی اقتصادی اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی اور ڈکٹیشن قبول کرنے کی سوا کچھ نہیں ، ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیاہے ، بیرونی قرض لینے میں کوئی حکومت پیچھے نہیں رہی اور حکمران ٹولے نے اس قرض کو اپنی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر لٹایا ، ملک کے بچے بچے کو ان قرضوں میں جکڑ دیا ۔ آج بھی ہمیشہ کی طرح حکمرانوں کے بجائے ساری قربانیاں عوام سے لی جا رہی ہیں ۔ بجلی ، گیس ، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے ، حکمرانوں کی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو کم کرنے کے بجائے عوام کو دی جانے والی سبسیڈی کم سے کم کی جارہی ہے ۔ موجودہ اور سابقہ تمام حکومتیں مہنگائی اور مسائل کی ذمہ دار ہیں انہیں اپنی نا اہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنا چاہیئے ۔ ملک اور قوم کو مسائل اور موجودہ معاشی بحران سے ایک ایسی ایماندار اور دیانت دار قیادت ہی نجات دلا سکتی ہے جو امریکہ ، آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کی ملک دشمن اور عوام دشمن پالیسیوں کو قبول کرنے سے انکار اور جرأت مندانہ فیصلے اور اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ مہنگی بجلی و گیس سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی ، ظالمانہ بجٹ اور ناقص معاشی و اقتصادی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے ، اسے مزید تیز کیا جائے گا اور ملک اور قوم کو امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے نجات کی جدو جہد جاری رہے گی ۔