کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ مشاورت ، رہنمائی اور محاسبہ جماعت اسلامی کی قیادت کی سنہری روایات ہیں،روز اول سے ہی جماعت اسلامی نبوی مشن کے مطابق نظام قائم کرنے کی خواہاں ہے،ا ن خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی کی مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے صوبہ سندھ کے نظم اور نگرانات شعبہ جات کے ساتھ ایک نشست سے خطاب کے دوران کیا۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ وسعت اور بصیرت کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی ناگزیر ہے کہ ہمارا ہدف واضح اور متعین ہو۔اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم روایات سے چمٹ کر نہ رہ جائیں اور جو روایات آگے بڑھنے میں رکاوٹ ہوں یا بوجھ بن رہی ہوں انہیں چھوڑنے کی اپنے اندر ہمت پیدا کریں۔ تنظیم میں نظم ضلع کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
ناظمہ ضلع کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ باصلاحیت افراد کو آگے بڑھائیں اور دعوت دین کے کام کو جدید طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام الناس تک پھیلائیں۔ ناظمہ ضلع کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے مقامی مسائل سے آگاہی رکھتی ہو اور ان حل کے لئے کوششیں کرے۔ قبل ازیں ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور ان کی ٹیم کا خیر مقدم کیا اور صوبائی ذمہ داران کا تعارف پیش کیا۔ ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی تنظیمی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی سیکریٹریز عطیہ نثار اور ثمینہ سعید نے بھی خطاب کیا۔ نشست میں حیدرآباد ، سکھر ،لاڑکانہ ،بدین اور جیکب آباد سے بھی ذمہ داران موجود تھیں۔