آئی ایم ایف کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حکم قابل مذمت ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے ہر شخص کا کچومر نکال دیا ہے،عوام بدحال ہیں اور حکمرانوں کو ان کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافے کا حکم قابل مذمت ہے ۔ حکمرانوں نے پاکستان کی آزادی ،خود مختاری کو چند ڈالروں کے عوض آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے پاس گروی رکھ دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے مہینوں میں400 روپے کا گیس بل بڑھ کر3 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ گھریلو صارفین سے زائد وصولیاں کرنا عوام کی زندگی درگور کرنے کے مترادف ہے۔این جی پی ایل کی جانب سے بھجوائے جانے والے بلز میں گیس کی قیمت400 روپے تک ہونے کی صورت میں فکسڈ چارجز کے نام پر475 روپے جنرل سیلز ٹیکس161 روپے جبکہ ایڈجسٹمنٹ اور تصحیح کے نام پر 2 ہزار سے2500 روپے تک ہر ماہ وصول کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور سابقہ حکومتوں کی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں۔سب نے اپنے اللوں تللوں پر قابو پانے اور سادگی اختیار کرنے کی بجائے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیا ۔جب تک قوم نے ان نا اہلوں اور کرپٹ لوگوں کو مسترد نہ کیا تو اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ۔ پی ڈی ایم ٹوکی حکومت ایک طرف کسی چیز کی قیمت معمولی کم کرتی ہے تو دوسری جانب کسی اور چیز کی قیمت بڑھا دیتی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہثابت ہو گیا ہے کہ حکمرانوں کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں،عوام کو ریلیف کے نام پر لالی پاپ دیا جا رہا ہے ، کچن کینبٹ کے فیصلے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ ہر ادارے میں اور شعبہ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے ،جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں ۔ ملک چوروں  لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے