لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم بحران کے الزام میں گرفتار ڈی جی اوگرا سمیت دیگر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔
بدھ کولاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم بحران کے الزام میں گرفتار ڈی جی اوگرا سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق ڈائریکٹر جنرل اوگرا ڈاکٹر شفیع الرحمان سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔ممبر آئل اوگرا ڈاکٹر عبداللہ ملک، ڈائریکٹر آئل مارکیٹنگ کمپنی ندیم بٹ، ریسرچ آفیسر وزارت انرجی پیٹرولیم ڈویژن عمران علی ابرو کی درخواست ضمانت منظور کی گئی ۔
عدالت نے ملزمان کو 5، 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا ہے۔ جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے پیٹرول بحران کے الزام میں درج مقدمہ میں ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ملزمان پر باہمی ملی بھگت سے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس، ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ اور غیر قانونی پیٹرولیم امپورٹس کی خریدوفروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے اور اس سے کمائے جانے والے اربوں روپے کے ناجائز دھن کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔