سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا

کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئیں 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔نجی ٹی وی  کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے گریڈ ایک سے 15 پر 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کے کیس میں ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مستقبل میں واک ان انٹرویو کی بنیاد پر بھرتیاں نہیں کی جائیں گی،

حکومت سندھ بھرتیوں سے متعلق بنائے گئے قوانین کے مطابق نئی بھرتیاں یقینی بنائے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے 4 اور 5 سے 15 کی پوسٹیں ضلعی بنیادوں پر پر کی جائیں۔عدالت نے اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئیں بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے اگست 2023 میں ہونے والی 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو چیلنج کیا تھا اور سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر حکم امتناع جاری کر رکھا تھا۔