کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان گزشتہ دنوں کورنگی 33-ڈی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان ذیشان کے گھر گئے ،والد و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈکیتی و قتل کی اس واردات کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعابھی کی ۔
اس موقع پر قائم مقام امیر ضلع کورنگی عاشق علی خان ، نائب امیر ضلع عارف رحمن اور قائم مقام سیکریٹری سید آصف علی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ علاوہ ازیں منعم ظفر خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن محمد اویس صدیقی کے گھر بھی گئے اور مرحوم کے والد رئیس صدیقی و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ۔ انہوں نے اویس صدیقی کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر ِ جمیل کی دعا بھی کی۔#