سپریم کورٹ ،راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق ایس ایس پی رائو انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دائر نظر ثانی درخواست خارج کردی۔

بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سابق ایس ایس پی رائو انوار کے خلاف 444 ماورائے عدالت قتل کیس میں رائو انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دائر نظر ثانی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے نظر ثانی درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کریں، کوئی ریلیف لینا ہو تو نئی درخواست دائر کریں۔

وکیل رائوانوار نے کہا کہ میرے موکل کا کیس ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے، انہیں کورٹ سے ضمانت ملی ہوئی ہے اور اس کے علاوہ وہ ہر پیشی پر عدالت کے روبرو پیش بھی ہوتے ہیں۔جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس میں کہاکہ عدالت کے کہنے پر تاحکم ثانی نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔