جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ لیاقت بلوچ

سکھر(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ قومی بجٹ کی منظوری کے بعد مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر اور ٹیکسوں کا فلڈ گیٹ کھل جائیگا،وہ سکھر میں بجلی بدترین لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے دفاتر کے باہر مظاہرہ سے خطاب کررہے تھے ۔

لیاقت بلوچ نے ٹیلی فونک آن لائن خطاب میں کہا کہ بجلی چوری ، اوور بلنگ اور لائن لاسسز کی ذمہ دار واپڈا ، کے الیکٹرک اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ہیں ۔ آئی پی پیز کی بھتہ خوری اور ہولناک معاہدے مہنگی بجلی کا سبب ہیں ۔ یہ امر حیران کن اور حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت طلب سے زیادہ ہے لیکن عوام کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے ۔ حکمرانوں کی چھتری تلے کرپٹ اور منہ زور اشرافیہ مفت بجلی ، مفت پٹرول گیس اور لگژری گاڑیاں استعمال کرتا ہے اور سارا بوجھ غریب ، متوسط طبقہ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے ۔ سندھ میں وڈیرے اور حکومتی مافیا بجلی چوری کرتے ہیں اور عذاب عام آدمی کے لیے پیدا کر دیا گیا ہے ۔ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ قومی بجٹ کی منظوری کے بعد مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر اور ٹیکسوں کا فلڈ گیٹ کھل جائیگا ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں چاہے فارم 47 کی ہوں یا فارم 45 کی عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی ہے ۔

لیاقت بلوچ نے وزیر دفاع خواجہ  محمد آصف کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے تعلقات کا بگاڑنا امریکا بھارت اور اسرائیل کے لیے مفید ہے جبکہ پاکستان میں استحکام اور دہشت گردوں اور دہشت گردی کی ماسٹر مائنڈ قوتوں کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان ، ایران اور افغانستان کے تعلقات مثالی ہونے چاہئیں ۔پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے وزیر دفاع کا بیان بم شیل ثابت ہو گا ۔ عزم استحکام آپریشن کا فیصلہ حکومتی غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے متنازع بھی ہو گیا اور عوام کے لیے قابل قبول نہیں ۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف وزیر دفاع کے بیان کا نوٹس لیں اور قوم کو اعتماد میں لیں ۔