وزیر اعظم کا طرزحکمرانی تباہی کا بڑا سبب ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا طرزحکمرانی تباہی کا بڑا سبب ہے،حکومت عوام کے مقابلہ میں مافیاز کی گاڈ فادر بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ عالمی استعماری قوتوں، عالمی استعماری اداروں کے سامنے حکومت اور اپوزیشن کی سابق حکمران جماعتیں مشترکہ اور متفقہ بنیادوں پر سجدہ ریز ہیں ،پی ٹی آئی حکومت نے قومی معیشت کو تباہی کی جو بلندی دی ہے اس بنیادوں میں فوجی حکومتوں، پی پی پی، مسلم لیگ(ن) کے دور حکمرانی شامل ہیں ،عوام کو توقعات تھیں کہ عمران خان سرکار خوانحصاری، اپنی عوام پر اعتماد اور اسلام کے معاشی نظام کا اسلوب اختیار کریں گے لیکن پی ٹی آئی سرکار نے نااہلی، بزدلی اور تباہی کی انتہا کردی ہے ،سٹیٹ بنک اور منی بجٹ بلز سینیٹ سے پاس کرانے کے معاملات سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سیدیوسف رضا گیلانی کی غیرحاضری کی گرد میں چھپادیئے گئے ہیں،یہی تو حکومت اور اپوزیشن کی سابق حکمران جماعتوں کی ملی بھگت ہے۔

انہوںنے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد ریٹائر ہوگئے،وہ اپنے ساتھ کوئی نیک نامی نہیں لیکر گئے،ہر چیف جسٹس اپنی مدت ملازمت پر رخصت ہوجاتے ہیں لیکن یہ المیہ ہے کہ ہر آنے والا چیف جسٹس عدلیہ کی ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھ رہا اور غلطیاں، خرابیاں، نظام انصاف پر عوام کا عدم اعتماد بڑھتا جارہا ہے ،بار اور بنچ کے تعلقات میں خلیج بڑھ رہی ہے ،احتساب اور ریاستی معاملات میں عدلیہ کا جھکا ئواور عدم توازن خود عدلیہ کے لیے مسائل بڑھارہا ہے،چیف جسٹس آف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نظام عدل کی اصلاح کے لیے عوامی جذبات کا مثبت جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مہنگائی نظر انداز نہیں کی جاسکتی لیکن پاکستان میں حکومت کی نااہلی، بدانتظامی، ناتجربہ کاری، بیوروکریسی کا ”گو سلو”،سیاسی، ریاستی محاذ پر بے یقینی، وزیر اعظم کا طرزحکمرانی تباہی کا بڑا سبب ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رٹ نہیں، انتظامی ڈھانچہ کو عوام کے لیے وبال جان بنادیا گیا ہے،ذخیرہ اندوز کرپٹ مافیا، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے موت کے لائسنس بن گئے ہیں۔حکومت عوام کے مقابلہ میں مافیاز کی گاڈ فادر بنی ہوئی ہے۔