کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فارم 47کے ذیعے جعلی حکومت مسلط کردینے سے پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہورہی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے منظورقراردادمیں8فروری کے عام انتخابات بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ نوشتہ دیوار ہے۔اس سے قبل برطانیہ اورفافن بھی انتخابات کی شفافیت پرسوال اٹھاچکے ہیں۔جہاں انتخابات چوری اورعوام کے بنیادی حقوق پرڈاکہ ڈالا جائے وہان کیسے استحکام آسکتا ہے۔سیاسی ومعاشی استحکام کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائ آڈیٹوریم عیدملن تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی امیرکا مزیدکہنا تھاکہ ملک کی تمام مخالف پارٹیوں ،عوام، میڈیا اور اب تو پوری دنیا بات کر رہی کہ پاکستان کے اندر فراڈ الیکشن ہوا ہے اور عوامی مینڈیٹ پر دن دیہاڑے بہت بڑا ڈاکہ ڈالاگیا جعلی اکثریت کے نام پر جعلی حکمران ملک پر مسلط کردیئے گئے اور اب تو انصاف دینے والے ادارے بھی نشانہ پرہیں جس کے ملکی معاشی اور سیاسی استحکام پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ امریکی کانگریس نے پاکستان کے الیکشن سے متعلق قرارداد پاس کی، 98.3 فیصد اراکین کی جانب سے اس قرارداد کو سپورٹ کیا گیا، یہی بات پچھلے دنوں دوست ملک چین نے بھی کہی کہ ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان جمہوری،آئینی اور انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی اقدار کا پابند ہے، لیکن بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس ملک میں مسلسل انسانی ،سیاسی اور معاشی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے ،ملک پر جمہوری اور عوامی حکمرانی کی بجائے مقتدرہ کی آشیرواد سے ہابرڈ سیاسی نظام اور جعلی حکمران مسلط کردیئے گئے ہیں جو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مسلسل عوام کا معاشی استحصال، سیاسی حقوق کی پامالی،بیروزگاری کو فروغ اور معاشی بدحالی کے ذریعے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اس لیے فی الفور 08فروری کو ہونے والے الیکشن میں اصل حقداروں کو مینڈیٹ واپس اور جعلی حکومت کا خاتمہ کرکے عوامی جمہوری نظام نافذ اور انتقامی سیاست سے کنارہ کشی کے ذریعے ملک کے 25کروڑ عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کیلئے فیصلے کئے جائیں تاکہ عام آدمی بھی سکھ کا سانس لے سکے۔