گلشن اقبال ٹاؤن کا ایک ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بجٹ منظور ،ترقیاتی مصارف کیلئے 37 کروڑ 65 لاکھ روپے مختص

 کراچی(صباح نیوز) گلشن اقبال ٹاون کا ایک ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔ترقیاتی مصارف کیلئے 37 کروڑ 65 لاکھ روپے جبکہ ہنگامی حالات اور دیکھ بھال کیلئے 22 کروڑ 8 لاکھ روپے اور غیر ترقیاتی مصارف بشمول تنخواہوں کیلئے 57 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ چئیرمین گلشن اقبال ٹاون ڈاکٹر فواد احمد کی صدارت میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی منظوری کیلئے کونسل کے بجٹ اجلاس میں چئیرمین بجٹ کمیٹی اشعر عماد صدیقی نے اراکین کو بجٹ کے خدوخال کے متعلق آگاہ کیا ۔ گلشن اقبال ٹاون کا ایک ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے کا متوازن بجٹ ہے کیونکہ بجٹ کی تشکیل سندھ حکومت اور اون ریسورسز کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ او زیڈ ٹی،پراپرٹی ٹیکس،بیٹرمنٹ ٹیکس اور غیر منقولہ جائداد کی منتقلی کی مد میں وصولیوں کا تخمینہ ایک ارب تین کروڑ لگایا گیاہے۔

جبکہ اون ریسورسز سے آمدنیوں کا تخمینہ 14 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ بجٹ تقریر میں چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ مالی سال 2024-25 کا بجٹ انتہائی غوروغوض کے بعد تشکیل دیا ہے جس میں ہر محکمے اور عوام کی بہتری کا خیال رکھا گیا ہے اس سال گزشتہ سال کی نسبت مزید بہتر بجٹ پیش کیا ہے جو کہ آمدنیوں اور سندھ حکومت کے شئیرز کو سامنے رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے،ہر سال ترقیاتی فنڈز کو بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں اس سال بھی ترقیاتی فنڈز کو بڑھایا گیا ہے،مہنگائی میں پسے عوام پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے البتہ کاروباری حضرات سے گزارش کریں گے وہ ٹان کی اون ریسورسز آمدنیوں کے ٹارگیٹ کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،

اراکین کونسل ہمارے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی مشاورت ہمیشہ ہمارے لئے قابل قدر ہے اور آئندہ بھی اسی مشاورتی عمل کو جاری رکھ کر گلشن اقبال ٹاون کو بلدیاتی سہولیات سے آراستہ ٹان بنائیں گے،گلشن اقبال ٹاون میں گزشتہ مالی بجٹ میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بڑھایا ہے اور اس سال اسے مزید برق رفتار کریں گے ان شا اللہ اس سال ہر شعبے میں بہتری دکھائی دے گی. اجلاس میں وائس چئیرمین ابراہیم صدیقی کونسل افسر حسن علی خان سمیت ٹاون کے دیگر افسران نے شرکت کی۔۔