ہیٹ ویو ، کراچی کے دو سینئر کرائم رپورٹرز انتقال کر گئے

کراچی (صباح نیوز)کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران دو سینئرکرائم رپورٹرز انتقال کر گئے جن میں نوائے وقت سے وابستہ رہنے والے تنویر بیگ اور کاوش ، کے ٹی این کے کرائم رپورٹر ذوالفقار بگھیو شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ممتاز صحافی تنویر بیگ ہیٹ اسٹروک کے باعث انتقال کر گئے وہ گزشتہ روز دوپہر کو گھر سے نکلے اور ہیٹ اسٹروک کا شکار ہونے کے بعد گھر واپس آکر خاموشی سے بستر پر لیٹ گئے تھے جس پر ان کے گھر والوں نے یہ گمان کیا کہ وہ سو رہے ہیں لیکن رات کو جب ان کی اہلیہ نے بیدار کرنے کی کوشش کی تو وہ دم توڑ چکے تھے۔

انہوں نے پسماندگان میں پانچ بیٹے اور بیوہ کو چھوڑا ہے تنویر بیگ حریت اور نوائے وقت سے وابستہ رہے نوائے وقت سے ان کی وابستگی 40سال تک رہی ان کا شمار پاکستان کی چند بڑے کرائم رپورٹرز میں ہوتا تھا ،مختلف صحافتی تنظیموں نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔