سانگھڑ(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا کہ فلسطینیوں نے انسانی تاریخ کے نئے دور کا آغاز کر دیا جو ظالموں کے خاتمہ پر ختم ہو گا، اہل غزہ کی فتح اگلے کچھ عرصہ میں یقینی نظر آ رہی ہے، نو ماہ سے جاری طویل ترین جنگ نے اس سحر کو توڑ دیا کہ یہودی ناقابل شکست ہیں۔مسلمانوں اور عالم اسلام میں یہودیوں کی مرعوبیت کو حماس اور اہل غزہ کی مزاحمت نے ختم کر دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ ٹنڈوآدم کے تحت عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے نائب امیر ضلع مشتاق احمد عادل اور امیرشہر عبدالستار انصاری نے بھی خطاب کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ اگلے پچاس برس انسانی تاریخ کے فیصلہ کن سال ہوں گے، اہل غزہ اور فلسطینی مجاہدوں نے ثابت کر دیا ہے کہ مادی وسائل کے بغیر بھی فتح حاصل کی جا سکتی ہے، یہ کیفیت صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان اور آخرت پر یقین سے ہی پیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سید مودودی اور سید قطب کے لٹریچر سے انقلابی نظریات سے مغرب خوف زدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب دین فطرت غالب آئے گا۔