بجٹ میں عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی بجٹ میں عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے۔حکومتی دعووں کے برعکس ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جس سے عام غریب آدمی ہی متاثر ہوگا۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتیں شریف حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن، پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ عوام کو ریلیف نہیں ملا اور خودحکمراں جماعت ن لیگ کے سربراہ نواز شریف بھاری ٹیکسوں سے ناراض اور دل گرفتہ ہیں تو پھر قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ آخر یہ بجٹ بنایا کس نے ہے؟ سودی نظام ،آئی ایم ایف کی غلامی اورکرپٹ قیادت سے نجات کے بغیرملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔صوبائی امیرکا مزیدکہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں سفید پیش و کم آمدنی والے طبقے پر بھاری ٹیکس لگار کر ان کی مشکلات مزید اضافہ کیا گیا ہے۔جماعت اسلامی کو اقتدارملا تو ملک وقوم کو سودی نظام اورآئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔