کراچی کے شہری ظلم کیخلاف جدو جہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،ڈاکٹر فواد

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع شرقی کے قیم اور گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کی جدو جہد کا ساتھ دیں ،کے ایم سی کے بجٹ زبردستی منظور کرانے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی بھر پور احتجاج کرے گی ۔ وہ ا میر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی لوڈ شیڈنگ اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف راشد منہاس روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر نائب قیم کراچی ابوالحسن ہاشمی نائب امیر ضلع شرقی افتخار احمد فواد بنگش وائس چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ابراہیم صدیقی یوسی چیئرمین نعمان پٹیل خضر باقی ماجد علی خان وائس چیئرمین آصف عبدالکریم اشعر عماد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ دھاندلی اور فارم سینتالیس کے ذریعے جماعت اسلامی کو ایوانوں سے دور رکھا گیا مگر ہم عوام کا مقدمہ سڑکوں پر لڑیں گے اور عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں گے، آج ملک بھرمیں ہونے والے مظاہرے بارش کا پہلا قطرہ ہیں ۔ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافی اور اضافی ٹیکس فی الفور واپس لیے جائیں ورنہ عوام سڑکوں پر نکل آئے تو غاصب اور جعلی مینڈیٹ سے آنے والے حکمرانوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے ای ایس سی کی پرائیویٹائزیشن اور پھر لائسنس کی تجدید سوالیہ نشان ہے ۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کے رہنما کے ای سے حصہ لیتے رہے ہیں اس لیے کراچی میں ہونے والی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ پر آواز نہیں اٹھاتے صرف جماعت اسلامی نے عوام کی ترجمانی کی ہے ۔