نواب شاہ (صبا ح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما راشد نسیم نے کہا ہے کہ موالانا مودودی نے قرآن وسنت کی روشنی میں اسلامی حکومت اوراقامت دین کا جوتصوردیا ہے وہ سیکولرجماعتوں کے پاس نہیں ہے۔اسلامی حکومت اورخلافت راشدہ کے احیاء کے بغیرپاکستان چل نہیں سکتا اس کاراستہ صرف جماعت اسلامی ہے۔سیکولرجماعتیں اقتدارمیں آکرشخصی حکمرانی اورلوٹ مارکابازارگرم کرتی ہیں ان کاسب کچھ اقتدار ہی ہوتا جن کی وجہ سے آج وطن عزیز مہنگائی بدامنی،دہشتگردی اوربجلی بحران سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے جبکہ جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہوئی تو امیرکی نہیں بلکہ اللہ کی حکومت اورہرفرد کے اندرخوف خدا،انسانیت کی خدمت اورجوابددہی کااحساس ہوگا۔اس لیے جماعت اسلامی کا مقابلہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے نہیں کیا جا سکتا کیونکہ جماعت اسلامی کی بنیاد اقامت دین کے لیے سید ابوالاعلیٰ مودودی کی قیادت میں رکھی گئی تھی اور آج بھی وہ اپنے اسی مقصد کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔اقامت دین کے لیے کام کرنے والا کبھی بھی مایوس نہیں ہوسکتا ہرفردکو اپنے حصے کا کام احسن طریقے سے کرنا چاہیے ۔جماعت اسلامی کے کارکن کو اپنا تصورحکومت ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ان شاء اللہ مستقبل ان کا انتظارکر ہا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سکرنڈ میں جماعت اسلامی ضلع بینظیرآباد کے اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ آج کے انتخابات میں نوجوانوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے جماعت اسلامی کے تاسیسی اجتماع کے شرکاء کا جائزہ لیا جائے تو 75 شرکاء میں سے 69 افراد کی عمریں 40 سال سے کم تھیں۔ اخلاص اور للہیت سے ہی اپنی منزل پر پہنچا جا سکتا ہے۔ غزہ اور فلسطین کی صورتحال میں ہمارے لیے یہ سبق پوشیدہ ہے کہ وہ 70 سالوںسے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد سے رتی بھر بھی پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی اپنے ہدف کے تعاقب میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ کو اگر آج بھی کسی سے خطرہ ہے تو وہ سید ابوالاعلی مودودی اور حسن البنائ کی تعلیمات سے ہے اور ان کے دانشوروں نے اس کا اعتراف کیا ہے ۔انہوں نے ارکان جماعت اسلامی پر زور دیا کہ وہ حلف رکنیت کو ہمیشہ اپنے پیش نظر رکھیں اور اپنی دعوت کو گلی گلی اور قریہ قریہ پہنچائیں۔ ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مسلسل اور مستقل بنیادوں پر اپنے کام کو یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اجتماع میں امراء مقام عاشق حسین ، نجف رضا ، مولانا نور محمد جونو اور ثاقب علی نے کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جبکہ ضلعی نائب امیر کنور راشد مکرم اور جنرل سیکریٹری طارق جاوید آرائیں نے بھی خطاب کیا۔#