کراچی(صباح نیوز)شہر کے دو اہم ٹاونز گلشن اقبال اور جناح ٹاؤن میں ایٹ سورس بجلی کے بلوں کی کٹوتی کے باوجود کے الیکٹرک نے دونوں ٹاؤنز کے دفاتر کی بجلی کاٹ دی ۔ عیدالاضحی سے قبل بجلی کاٹے جانے پر عیدالاضحی پر شکایتی عملہ شدید گرمی میں فرائض سر انجام دیتا رہا ۔جبکہ تاحال کالعدم ڈی ایم سی کے دفتر میں قائم دونوں ٹاؤنز کے دفاتر کی بجلی بحال نہیں کی گئی ۔
گلشن اقبال اور جناح ٹاؤنز کی بجٹ 2024-25 کی تیاریاں بھی بری طرح متاثر ہو چکی ہیں شدید گرمی کی وجہ سے افسران و عملہ پریشان ہے جبکہ کمپیوٹرز بجلی کی بندش کی وجہ سے منہ چڑا رہے ہیں.ٹاون کے افسران و ملازمین کا کہنا ہے کہ جب گلشن اقبال اور جناح ٹاؤن کو زیادہ عوامی خدمات سر انجام دینی ہوتی ہیں اسوقت بجلی کاٹ دی جاتی ہے ہے،عیدالاضحی،محرم الحرام،ربیع الاول،رین ایمرجنسی میں جان بوجھ کا بجلی کاٹی جاتی ہے تاکہ گلشن اقبال اور جناح ٹاؤنز کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے جسے جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمین کے خلاف سازش ہی قرار دیا جاسکتا ہے،
جماعت اسلامی کی جانب سے کے الیکٹرک کی نا انصافیوں پر ہمیشہ آواز اٹھاء گئی ہے اسی تنقید برائے تعمیر کو انا کا مسئلہ بنا کر کے الیکٹرک نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن چئیرمینز کے دفاتر کی بجلی کاٹ کر انہیں عندیہ دیا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کیخلاف آواز اٹھانا بند کردیں بصورت دیگر انہیں اسی طرح پریشان کیا جاتا رہے گا،ٹاؤنز کے پاس اس قدر وسائل نہیں ہیں کہ وہ جنریٹرز چلا کر امور کی انجام دہی کو یقینی بنالیں انہوں نے کہا کہ اگر پیرتک بجلی بحال نہیں کی گئی تو دونوں ٹاؤنز کا بجٹ پیش نہیں کیا جاسکے گا جس کی ساری ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد ہوگی.