جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو مالی و انتظامی اختیارات سونپ دئیے، عثمان بزدار


بہاولپور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو مالی اور انتظامی اختیارات سونپ دئیے۔

بہاولپور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا ریاست مدینہ کے قیام کی طر ف پہلا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 63فیصد آبادی قومی صحت کارڈ کے تحت مفت ہیلتھ کوریج سے مستفید ہوگی، جلد فیصل آباد، ملتان اور دیگر اضلاع میں بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کریں گے۔عثمان بزدار  نے کہا کہ رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاول نگر کے ہر شہری کو 100اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت ہوگی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے 36اضلاع میں ساڑھے 11کروڑ افراد کو صحت کارڈ دیا جائے گا، پنجاب میں 23نئے اسپتال بنارہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنا کر پی ٹی آئی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا، جنوبی پنجاب کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو مالی اور انتظامی اختیارات سونپ دئیے ہیں۔