کراچی(صباح نیوز) کراچی پولیس نے مقابلے کے بعد پولیس وردیوں میں وارداتیں کرنے والے 4رکنی انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کر لیا جبکہ فائرنگ کے تبادلہ کے بعد ایک ملزم فرار ہوگیا ۔ ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق۔ملزمان وارداتوں کے لئے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی کرولا کار اور پولیس وردیوں کا استعمال بھی کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 3عدد 9ایم ایم پستول، دو پولیس وردیاں اور کرولا کار برآمد کر لی گئی۔
کیپٹن(ر)فیضان علی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بابر علی، غلام علی اور راجہ علی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ فرار ملزم کا نام واجد علی ہے۔ملزمان کا تعلق بین الصوبائی ڈکیت گروہ سے ہے جنکی اندرون سندھ سمیت کراچی میں متعدد وارداتیں سامنے آئی ہیں۔ملزمان نے دوران تفتیش سپر ہائی وے، شاہراہ فیصل اور بلوچ کالونی سے کئی موٹرسائیکلیں اور کاریں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ شاہراہ فیصل میں موٹرسائیکل چھیننے کے 6 مقدمات سامنے آئے ہیں ملزم بابر علی کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف تھانوں میں 16 مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم غلام علی کے خلاف 11 اور ملزم راجہ علی کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں۔ملزمان کو سب انسپکٹر راجہ خالد محمود کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔