شدید گرمی و حبس میں شہری بجلی و پانی سے محروم ہیں قبضہ میئر کہاں ہیں ؟منعم ظفرخان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پربھی شدید گرمی و حبس کے موسم میں کراچی کے عوام بجلی و پانی سے محروم رہے ، قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب کے الیکٹرک کو فائدہ پہنچانے کے لیے یوٹیلٹی چارجز کی وصولی کے معاہدے میں تو بڑی تیزی دکھارہے ہیں ،وہ بتائیں کہ عید کے موقع پر شہریوں کو بجلی اور پانی کیوں فراہم نہیں کیا گیا؟ شہریوں کو بلاتعطل بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور الائشوں کو ٹھکانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ،جماعت اسلامی کے پاس شہر میں 9ٹاؤنز کی ذمہ داری ہے ،ہر ٹاؤن میں صفائی ستھرائی اور الائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے بہترین نظام بنایا گیا ، کراچی کے عوام نے دیکھ لیا ہے کہ جو ٹاؤنز جماعت اسلامی کے پاس نہیں ان میں صفائی و ستھرائی کا کیا حال رہا ؟شہریوں کے ریلیف کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضاکاروں نے فرائض انجام دیئے ،شہر بھر میں سینکڑوں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کیے گئے   جہاں الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت اجتماعی قربانی کی گئی ۔ عید کے تینوں دن 1800 جانوروں کی قربانی کی گئی جن کا گوشت ٹین پیک کے ذریعے اردن کے راستے اہل غزہ تک پہنچایا جائے گا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر جاری مہم چرم قربانی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں قربانی  کی کھالوں میں اضافہ خوش آئند ہے ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی و الخدمت کے تحت عید الاضحیٰ کے 2دنوں کے دوران جامع مسجد قباء فیڈرل بی ایریا بلاک 13(گلبرگ) میں، ضلع ایئر پورٹ ،فاروقی مسجد سعود آباد ، ضلع قائدین اور ضلع وسطی انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں اجتماعی قربانی کے مراکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ ہم نے عید الاضحی کو اہل غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے نام کیا ہے ، غزہ میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا جاچکا ہے،اہل غزہ اور فلسطین کے مظلوم و نہتے مسلمان مسجد اقصی کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ہم عید کے موقع پر اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی کے شہری عید الاضحی پربھی کے الیکٹرک کے عذاب میں مبتلا ہیں ، کراچی کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں آج بھی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، بیشتر علاقوں میں پانی تک میسر نہیں ہے ، قبضہ میئر اعلانات اور دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن عملاً کراچی کے عوام کے لیے کچھ کرتے نظر نہیں آرہے ۔اس موقع پر سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ،امیر ضلع وسطی سید وجیہہ حسن ، امیر ضلع ایئر پورٹ چوہدری محمد اشرف ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے نائب امیر سید احمد، سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ،ناظم علاقہ ملیر صہیب بلال ،ناظم علاقہ شاہ فیصل کالونی ندیم اختر ، یوسی 2 کے چیئر مین سیف الدین ، ناظم علاقہ ڈرگ روڈ شفیق احمد ، یوسی4 کے چیئر مین عدنان احمد ،یوسی چیئر مین آدم جی نگر جنید مکاتی ، کونسلر محمد اویس ، ریاض کاملانی ، ناظم علاقہ ثمن آباد عابد سومرو، انچارج اجتماعی قربانی عماد ودیگر بھی موجود تھے۔